عمران خان نے چار سال حکومت کی مگر کارکردگی دکھانے کے کلئے کچھ بھی نہںر ؛ انجینئر امیر مقام

15

اسلام آباد،25مئی  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ  ماضی میں بھی عمران خان نے دھرنے سے ملک مفلوج کرنے کی سازش کی ،  عمران خان نے چار سال حکومت کی مگر کارکردگی دکھانے کے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ عمران خان اپنے مذموم مقاصد کیلئے خیبر پختونخوا کے وسائل کو ہر طرح سے استعمال کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر رکشہ کی طرح استعمال ہو رہا ہے، ان کا مقصد دھرنوں کے ذریعے معمولات زندگی کو مفلوج کرنا ہے، عوام کو راستوں کی بندش سے جو تکلیف ہو رہی ہے اس سے واقف ہیں اور عوام سے معذرت کرتے ہیں لیکن یہ مجبوری ہے۔

 امیر مقام نے کہا کہ عمران خان نے اپنے تمام وعدوں سے یو ٹرن لیا، وہ اپنی چار سالہ کارکردگی کے بارے میں پانچ منٹ بھی گفتگو نہیں کر سکتے، وہ عوام کو ورغلا کر کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی دھرنوں کے ذریعے ملکی ترقی کا راستہ روکا اور چینی صدر کی آمد پر دھرنا دیا، اب ان کی منزل مقصود آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام بنانا ہے۔

 وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حکام عمران خان کے احکامات نہ مانیں اور خود کو عمران خان کا ذاتی ملازم سمجھنے کی بجائے عوام کا ملازم سمجھیں، قابل شرم ہے کہ ڈی سی آفسز میں لانگ مارچ کیلئے اجلاس اور منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کرنی ہے تو صوبہ کے وسائل کی بجائے اپنے پارٹی لیڈروں کے گھروں پر سرگرمیاں کریں، پاکستان کسی ایک جماعت کا نہیں ہم سب کا ہے، صوبہ کے وسائل کو سیاسی سازشوں کیلئے استعمال نہ کیا  جائے، قومی خزانے سے تنخواہ لینے والے عوام کے مفاد میں کام کریں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کے صوبہ کے وسائل کے سیاسی استعمال کے خلاف ہم نے نیب اور متعلقہ اداروں کو درخواست دے دی ہے، پاکستان کو عمران خان کی خواہشات کے مطابق نہیں آئین اور قانون کے مطابق چلایا جائے۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کمال احمد اور سحر گل کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔