لاہور،28مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس میں گریٹر اقبال پارک میں جلسوں پر پابندی لگانے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تاریخی پارک کو جلسوں کیلئے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ایک اور احسن اقدام کرتے ہوئے گریٹر اقبال میں داخلہ فیس لگانے کی تجویز کو بھی مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے، کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں کروں گا۔ اس تجویز پر غور کرنا تو دور کی بات، اسے اجلاس میں پیش کرنا بھی مناسب نہیں ہے ۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے سابق دور میں پودوں کے بیج بروقت نہ خریدنے پر برہمی کا اظہار بھی کیا اور اس حوالے سے انکوائری کا حکم بھی دیا ۔ انھوں نے کہا کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانے کا کام جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کا بورڈ جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی۔ انھوں نے ہدایت دی کہ گھروں میں کام کرنے والے مالیوں کو فی الفور واپس بلایا جائے۔میرے گھر میں بھی اگر کوئی مالی ہے تو اسے بھی واپس بلا یا جائے۔اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کرکے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے۔ جلو بوٹینیکل پارک میں بٹرفلائی ہاؤس کو بھی جلد فنکشنل کیا جائے۔پی ایچ اے کے معاملات کو صاف اور شفاف طریقے سے چلایا جائے گا۔ کسی کی سفارش نہیں سنوں گا۔ پی ایچ کو پوری سپورٹ دوں گا۔انہوں نے واٹس ایپ گروپ بنانے کی ہدایت دی۔ گروپ میں کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوئی۔ اس جلسے سے پارک کو تقریباً50 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
اجلاس میں خواجہ احمد حسان، افتخار احمد، سیکرٹری ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن، کرنل (ر) مبشر جاوید، عمران گورایہ اور ڈی جی پی ایچ اے نے شرکتِ کی۔











