ملتان، 30 مئی (اے پی پی ):ویمن یونیورسٹی ملتان میں سمارٹ کلاس رومز کا افتتاح کر دیا گیا ہے ، طالبات ہائی فائی انٹرنیٹ کے ذریعے غیر ملکی یونیورسٹیوں کے لیکچر بھی لے سکیں گی ۔
ہائرایجوکیشن کمیشن نے ویمن یونیورسٹی میں سمارٹ کلاس رومز کا پراجیکٹ مکمل کرلیا جس کے بعد ویمن یونیورسٹی جنوبی پنجاب کی پہلی یونیورسٹی بن گئی جہاں کی طالبات سمارٹ کلاس رومز کی وجہ سے دنیا بھر کی یونیورسٹیوں جڑ سکیں گی ،سمارٹ کلاس رومز کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کیا۔
اس موقع پر پراجیکٹ کے سپروائز محمد انجینئر محمد اعظم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایچ ای سی نے سمارٹ کلاس رومز کا پراجیکٹ ریکارڈ مدت میں پورا کیا، ویمن یونیورسٹی پہلی یونیورسٹی ہوگی جو اس ٹیکنالوجی سے استفادہ کرے گی ، ویمن یونیورسٹی میں دو سمارٹ کلاس رومز بنائے گئے ایک متی تل کیمپس میں اور دوسرا کچہری کیمپس میں بنایاگیا ہے، ہر کلاس روم میں 30جدید کمپیوٹر رکھے گئے ہیں جبکہ ایک بڑی ایل ای ڈی بھی نصب کی گئی ہے جبکہ دونوں کلاس رومز ساونڈ پروف ہوں گے، ایک ٹیچر دونوں کلاس رومز میں اکھٹے طالبات کو پڑھا سکیں گی،جبکہ ان میں ایل ایم ایس کے ذریعے لیکچر دئیے جاسکیں گے جبکہ اس کلاس رومز کے ذریعے دوسری یونیورسٹیوں کے تعاون سے ایک دوسری کی طالبات کو کلاسز پڑھائی جاسکیں گی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے ، خوشی کی بات ہے کہ ویمن ویونیورسٹی جدید ٹیکنالوجی کو اپنی طالبات تک پہنچا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے ایا م میں بھی ایل ایم ایس کے ذریعے تدریس کا عمل جاری رکھا جس کو پاکستان بھر میں سراہا گیا۔
ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے کہا کہ سمارٹ کلاس رومز کا قیام بھی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی طرف ایک قدم ہے مستقبل قریب میں یونیورسٹی کو مکمل ہائی ٹیک کردیا جائے گا تاکے طالبات اور فیکلٹی کی مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔
اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب، ڈاکٹر سارہ مصدق اور تمام شعبوں کی چیئرپرسنز بھی موجود تھیں۔











