ایبٹ آباد،30 مئی (اے پی پی ): وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاو ید عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ملک کومعاشی طور پر کمزور کیا گیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاو ید عباسی نے کہا کہ مشکل حالات میں مسلم لیگ ن نے ملک کا اقتدار سنبھالتے ہوئے ملک اور عوام کی خاطر قربانی دی اور سیاسی طور پر نقصان اٹھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سابق دور میں ملک کی عوام کی معاشی حالت کی بہتری کا ایک منصوبہ ڈرائی پورٹ ہے جو پی ٹی آئی کی حکومت نے کھٹائی میں ڈالا ۔
وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاو ید عباسی نے کہا کہ ہزارہ سے سابق دور میں جووزیر رہے انہوں نے یہاں کے عوام کے حقوق کے لئے کچھ نہ کیا، عمر ایوب جیسے اقتدار کے پوجاری عوام کو دھوکا دیتے رہے، ہزارہ کے عوام کے مفاد میں ہماری جماعت مسلم لیگ عوام کی خیر خوائی کے لئے کوشاں ہے اور رہے گی ۔











