پشاور، 31مئی(اے پی پی): خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ایک کاروائی کے دوران پشاور کے علاقے پخہ غلام میں جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مارکر وہاں سے 1000 لیٹر سے زائد جعلی مشروبات برآمد کرکے فیکٹری سیل کردی۔
چھاپے کے دوران یونٹ سے مختلف برانڈز کےنام پر پیکنگ میٹریل بھی برآمد ہوا جبکہ جعلی مشروبات کی فلنگ میں استعمال ہونے والی مشینیں بھی ضبط کرلی گئیں۔
مشروبات کی تیاری میں مضر صحت کیمکلز کے استعمال کی وجہ سے یونٹ پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی، شاہ رخ علی خان نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ جعلی مشروبات تیار کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی، کیونکہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی شہریوں تک معیاری اور محفوظ خوراک کی رسائی یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر خوراک سے وابستہ کاروباری یونٹس بھی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ایس او پیز پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں۔











