ملتان ، 02 جون (اے پی پی ):جنوبی پنجاب پولیس میں جدید خطوط کی اصلاحات کے لیے کمانڈ کانفرنس کا انعقاد،جنوبی پنجاب کے تمام آر پی اوز، سی پی او ملتان اور تمام ڈی پی اوز نے شرکت کی ۔ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ جنوبی پنجاب پولیس کو جدید طرز پر استوار کرنے کا عزم ہے۔
ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد پولیس کے پیشہ وارانہ امور میں بہتری لانا ہے ، جنوبی پنجاب پولیس کے کردار کو مثالی اور جنوبی پنجاب کے علاقے کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں اورکہا کہ کچہ کے علاقہ میں امن کے قیام کے لیے رحیم یار خان پولیس کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کیے جا رہے ہیں۔
کانفرنس میں پاکستان پولیس سروس کے اعلیٰ افسران نے مختلف امور پر خطاب کیا ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہری علاقوں میں جرائم کے سدباب سے متعلق خطاب کیا اورسی سی پی او کراچی نے سٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے موثر حکمت عملی اپنانے کے لیے تکنیکی احوال سے افسران کو آگاہ کیا۔ اس کے موقع پرایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس فنانس پنجاب فاروق مظہر نے پولیس کے مالی انتظامات کی بہترین حکمت عملی سے متعلق بریف کیا۔آر پی ڈیرہ غازی خان نے روجھان راجن پور کچہ کے مسائل اور انکے حل سے متعلق بریفنگ دی۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عمر فاروق نے پولیس تفتیش میں پراسیکیوشن کے عمل کو بہتر بنانے اور بروقت تفتیش کے عمل کو یکسو کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ اے آئی جی آپریشنز ساوتھ پنجاب نے جنوبی پنجاب پولیس آفس کے انتظامی معاملات بارے بریفننگ دی سٹی پولیس آفیسر ملتان خرم شہزاد حیدر نے گاڑیوں کی چوری کی روک تھام کے عمل سے آگاہ کیا۔ایس پی انوسٹی گیشن وہاڑی نے پولیس میں خواتین کے اہم کردار سے متعلق آگاہ کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی نے ملتان پولیس کے کرائم فائٹر انسپکٹر ملک قسور کالرو کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر انہیں اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا انسپکٹر قسور کالرو نے 39 پولیس مقابلوں میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی۔ ایڈیشنل آئی جی نے جنوبی پنجاب کے افسران کے ساتھ پولیس کی اعلیٰ اور معیاری کارکردگی کا عزم کیا۔ ایڈیشنل آئی جی کی طرف سے تمام افسران کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔