پشاور، 2جون(اے پی پی): گلیوں کوچوں میں گندگی کے ڈھیر اور کچرے سے ناکارہ اشیاء جمع کرکے ان سے حاصل ہونے والی مزدوری کے نتیجے میں اپنے والدین کے ساتھ گھرانے کی کفالت میں معاونت کرنے والے بچوں (سٹریٹ چلڈرن)کو تعلیم کی جانب راغب کرنے کے لئے الخدمت فاونڈیشن کے تحت پشاور میں سٹریٹ چلڈرن سنٹر قائم کردیا گیا ہے۔ اس سنٹر کی افتتاحی تقریب الخدمت فاونڈیشن سکول پشتہ خرہ میں الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص کی صدارت میں منعقد ہوئی جسکے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سوشل ویلفیر خالد خان خٹک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا کہ صوبہ بھر میں الخدمت فاونڈیشن کے 16 سٹریٹ چلڈرن سنٹرز میں 706 بچوں کو تعلیم کی جانب راغب کیا جا رہا ہے ۔ان سنٹرز میں زیر تعلیم بچوں میں الخدمت فاونڈیشن وقتا فوقتاً تحائف کی تقسیم کے علاوہ بچوں کو مفت سٹیشنری، جوتے، کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت سٹریٹ چلڈرن سنٹرز کے قیام کا بنیادی مقصد معاشی مجبوریوں کے ہاتھوں سکولوں سے باہر رہ جانے والے لاکھوں بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرکے معاشرے کے کارآمد شہری بنانا ہے۔
خالد وقاص نے کہا کہ ان سنٹرز کے نتیجے میں ہر سال سینکڑوں بچے سکولوں میں باقاعدہ داخلہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پشاور، مردان، کوہاٹ، لنڈی کوتل کے علاوہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی سٹریٹ چلڈرن سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور عنقریب صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ان سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ اپنے والدین کی معاشی مجبوریوں کی وجہ سے تعلیم کے حصول سے محروم بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کی جاسکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر خالد خان خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن سماجی خدمات میں جو گرانقدر خدمات سرانجام دے رہا ہے وہ لائق تحسین ہے دیگر فلاحی ادارے خدمت خلق کے شعبے میں الخدمت کی تقلید کریں اور اجتماعی کاوشوں کے زریعے معاشرے کے مستحق افراد کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں ۔
اس موقع پر بچوں سکول بیگز سٹیشنری اور تحائف بھی فراہم کئے گئے ۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے زونل امیر سعید خان ،الخدمت کے صوبائی میڈیا منیجر نورالواحد جدون، ڈپٹی منیجر ایجوکیشن ثناء اللہ، سٹریٹ چلڈرن پراجیکٹ کے پروگرام آفیسر حیدرخان اور علاقے کی سماجی شخصیات نے شرکت کی۔











