ملتان، 02 جون (اے پی پی ): موٹروے پولیس نے موٹروے سنٹرل 2 زون پر سفر کرنے والے روڈ یوزرز اور ڈرائیور کیخلاف نو مور مہم جاری رکھتے ہوئے ٹریفک قوانین میں سختی کردی ہے ۔
موٹر وے پولیس کے سیکٹر آفس میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی سربراہی میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام بس کمپنیز اور ان کے ساتھ ٹریکر کمپنی جن کی مدد سے بسوں میں جدید ٹریکر لگائے گئے ہیں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ تمام سیکٹر کے ڈی ایس پیز بھی موجود تھے ۔
میٹنگ میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بتایا کہ تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے ٹریکر کی معلومات لی جا رہی ہیں جس کی مدد سے ڈرائیورز کی جانب سے اوور سپیڈنگ ، لائن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھنے میں مدد مل سکے گی ۔انہوں نے کہا کہ بسوں میں جدید ٹریکر لگانے اور انہیں مانیٹر کرنے کا مقصد ڈرائیورز کو قانون کی پاسداری کروانا ہے تا کہ بس میں موجود مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ بہت سی ٹرانسپورٹ کمپنیز اپنی بسوں میں ٹریکر سسٹم لگوا چکے ہیں جبکہ دیگر کمپنیز کو بھی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں کہ وہ جلد از جلد اپنی گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم لگوائیں۔











