لاہور؛ الحمراء کا گرمیوں کی چھٹیوں میں آرٹ کلاسز کا سمر کیمپ لگانے کا فیصلہ

9

لاہور، 03جون(اے پی پی): ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء فرحت جبیں نے کہا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں میں الحمراء اکیڈمی ڈرائنگ، پینٹنگ،خطاطی، اداکاری وگائیکی میں شارٹ کورس کا آغاز کر رہی ہے، 10تا 25سال کے نوجوان داخلہ لے سکتے ہیں،کلاسز کا آغاز 15جون سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ”رسائی“ تھیم کے تحت معلومات کی فراہمی کے قانون سے متعلق آگاہی  کا پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔

ترجمان الحمرا کے مطابق سمر کیمپ کے لئے بڑی تعداد میں آرٹسٹ بننے کے خواہش مند بچے و نوجوان الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے سمر کیمپ میں شرکت کے لئے  رجسٹریشن کروا رہے ہیں،الحمراء اکیڈمی پرفارمنگ آرٹس کو تجرنہ کاراساتذہ کی خدمات حاصل ہیں،شارٹ کورس کی مدت تین ماہ ہوگی جس میں شرکت کرنے والوں کو سرٹیفیکیٹ دیئے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق عوام کو معلومات تک رسائی کے قوانین کی آگہی کے لئے الحمراء آرٹس کونسل پوسٹر کا مقابلہ کروا رہا ہے،اس مقابلہ میں شرکت کے لئے 25سال تک کی عمر کے نوجوان اپنا کام 10جون 2022تک الحمراء آرٹ گیلری کو بھیج سکتے ہیں۔مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 30ہزار دوسری کو  20ہزار جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 10ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔