وطن عزیز پاکستان میں قیام امن اورسلامتی کے لیے من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے؛ گورنر پنجاب انجنیئر میاں بلیغ الرحمان

13

  لاہور، 3 جون ( اے پی پی ): گورنر پنجاب انجنیئر میاں بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ علماء کرام نے ہمیشہ پاکستان میں قیام امن اور اتحاد بین المسلمین کے لیے اپنی عظیم خدمات پیش کیں،وطن عزیز پاکستان میں قیام امن اورسلامتی کے لیے من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا  اظہار  انہو ں  نے    چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان / خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد سے گفتگو میں کیا،  چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان  نے  جمعہ کو یہاں   گورنر ہاوس  میں  گورنر  سے   ملاقات کی ۔ انہوں نے میاں بلیغ الرحمان کو  گورنر پنجاب کا  عہدہ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں  مذہبی ہم آہنگی و رواداری اور اتحاد بین المسلمین اور پیغام پاکستان کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب انجنیئر میاں بلیغ الرحمان نے  کہا کہ آج پاکستان کو پہلے سے زیادہ امن،استحکام اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے، پاکستان تا قیامت رہنے کے لیے بنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ہے جسے ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور دعاء کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے۔

اس موقع پر مولانا سیدمحمدعبدالخبیر آزاد نے گورنر پنجاب کوپاکستان کا عظیم بیا نیہ “پیغام پاکستان” کتاب اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔