سیالکوٹ،4جون (اے پی پی):وفاقی وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ترقیاتی کام کروانا ہمارا فرض ہے،پاکستان مسلم لیگ ن کے گذشتہ 5 سالہ دور حکومت میں بھی خدمت کا سفر جاری رہا،گزشتہ 4 سال میں ہمارے دور کے شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کو سوچ سمجھ کر روک دیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیسپ پراجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھنے کے بعد شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمیں تو آئے ہوئے 45 دن ہوئے ہیں۔گزشتہ 4سال لوگوں نے عیاشیاں کیں، کرپشن کی ، دوائیوں کھانے پینےکی اشیا ، گندم اورچینی سمیت ہر معاملے میں پیسہ بنایا گیا ہے۔ جو اپنے آپ کو پاکستان کا مطلق العنان حکمران کہتا تھا آج بھگوڑے کی طرح پشاور میں بیٹھا ہے۔ پرانے زمانے میں جب دہلی سے بادشاہ نکالے جاتے تھے وہ کہیں جاکر پناہ لے لیتے تھے کوئی افغانستان میں جاکر پناہ لیتا تھااور کوئی ایران میں پناہ لے لیتا۔اس کو بھی اسلام آباد سے نکالا گیا تو پشاور میں جاکر پناہ لے لی اور وہاں جا کر باتیں کرتے ہیں کہ ہم افغانستان چلے جائیں گے، پاکستان کے 3ٹکڑے کردیئے جائیں گے، پاکستان کیافوج تباہ کردی جائے گی ۔
وفاقی وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ عمران خان ایک بیرونی ایجنڈے کے تحت برسرِ اقتدار آیا، یہ کہتا تھا کہ پاکستان کا اٹیمی پروگرام ختم کیا جائے اور اس کے کسی اور کے حوالے کرکے پاکستان کے دفاع کو بے یارو مدد گار بنا دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے ہمارے اٹیمی پروگرام ، اندرونی اداروں،اور پاکستان کی سالمیت پر اٹیک کرتا ہے ۔ایک منظم طریقے سے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف زبان استعمال ہورہی ہے یہ عمران خان کے عمل اور رویے سے نوجوان نسل کی تربیت کا نتیجہ ہے اس پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے، یہ ان کی تنگ نظری کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شخص آج بھی کے پی کے حکومت کے وسائل استعمال کررہا ہے،کے پی کے حکومت کا ہیلی کاپٹر، سیکیورٹی اور کھانا بھی اپنی ذات کیلئے استعمال کررہا ہے۔ اس کے ہاتھ ہمیشہ دوسرے کی جیب میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب سے کوئی نہیں لانگ مارچ میں نہیں پہنچا، حتیٰ کہ چار سال وزیر اعلیٰ پنجاب بزدار اورسپیکر پرویز الہی سمیت پنجاب کا کوئی وزیر نہیں پہنچا۔
وفاقی وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نیسپاک تجربہ کار ادارہ ہے کہ وہ خوش اسلوبی سے پیسپ کے پراجیکٹ کو اختتام تک پہنچائیں گے۔اقتدار صرف پاکستان کی خدمت کیلئے استعمال کیاجائے۔ہمیں احساس ہے کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔ہمیں یقین ہے ہم اس بحران سے نکلنے میں کامیاب ہونگے۔پاکستان کا بچہ بچہ ملکی دفاع کیلئے پر عزم ہے ۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت پارٹی رہنمائوں و کا رکنان کی بڑی تعداد مو جود تھی۔











