اوکاڑہ،5جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہےکہ گرانفروشی، ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر معاشرتی ناسور ہیں یہ کسی رعائیت اور ہمدردی کے مستحق نہیں ہیں، ہمیں اپنے لوگوں کوان استحصالی عناصر سے بچانا ہے،ضلعی انتظامیہ متعلقہ محکمے اور پرائس مجسٹریٹس اس سلسلہ میں آخری حدتک جائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ کے مختلف بازاروں ، مارکیٹوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تحصیل دیپالپور میں مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے پر زئی ایگری کمپلیکس کے مالک کو 50ہزار روپے جرمانہ جبکہ راجپوت ٹریڈرز کے مالک کو جرمانہ کر کے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا اور دوکان کو بھی سیل کر دیا۔
بعد ازاں انہوں نے سٹی مال اور کیش اینڈ کیری سٹور دیپالپور میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا ۔انہوں نے آٹا چینی ،دالوں ،گھی ، چاول اور دیگر اشیاء کے وزن اور نرخ بھی چیک کئے۔ انہوں نے کم وزن اور ناقص میٹریل پر فروخت کرنے پر کیش اینڈ کیری سٹور کو 50 ہزار روپے اور سٹی مال کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا ۔
ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اچانک دورے کر رہا ہوں اور پرائس مجسٹریٹس بھی گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اور انتظامی اقدامات برو ئے کار لائے جائیں گے ۔