لاہور ، جون 7(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے لاہور کے سابق چیئرمینوں اوروائس چیئرمینوں نے ملاقات کی اور اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے ہدایات دیں۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے منشیات کے خلاف موثر اورمنظم مہم چلانے کی ہدایت بھی دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او لاہور کو منشیات فروشی کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم بھی دیا ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کو مشکل وقت میں ریلیف دینے کیلئے آٹے پر 200ارب روپے سبسڈی دے رہے ہیں
چینی اورگھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔ اگلے ماہ سے منتخب ہسپتالوں میں کینسر اوردیگر ادویات مفت ملیں گی۔حمزہ شہباز نے کہا کہ اندرون لاہور میں بجلی کے لٹکتے ہوئے تار اورگیس کی عدم فراہمی کے مسائل حل کریں گے۔ پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے پارکنگ پلازے بنانے کا جائزہ لیں گے ۔کوٹ خواجہ سید، سید مٹھا اوریکی گیٹ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ عوام کے دکھوں کے مداواے اور مسائل کے حل کیلئے ہر چھوٹے بڑے شہر جاوں گا۔سیاست نہیں خدمت پر یقین رکھتا ہوں۔ واسا کو پانی کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔
لاہور بھر کے فلٹریشن پلانٹس کو بحال کیا جارہا ہے۔ طویل سیاسی جدوجہد کرنے والے اورظلم برداشت کرنے والے پارٹی کارکنوں کوسلام پیش کرتا ہوں۔میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،توصیف شاہ ،کبیر تاج، صبغت اللہ ،دستگیر شاہ، احمد بٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔