چنیوٹ؛ تفتیشی افسران کی پیشہ وارانہ استعدادکار بڑھانے کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

18

چنیوٹ،07 جون (اے پی پی ):تفتیشی افسران کی پیشہ وارانہ استعدادکار بڑھانے کیلئے ڈی پی او دفتر میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی ورکشاب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرچنیوٹ کیپٹن(ر)محمد عامر خان نیازی ،ڈی ایس پی لیگل اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔

ڈی پی او کیپٹن(ر)محمد عامر خان نیازی نے تفتیشی افسران سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو کورس کی اہمیت،ضرورت سے متعلق آگاہی دی۔انہوں   نے تفتیشی افسران کو تربیتی کورس دلجمعی سے سننے،سیکھنے کی ہدایت کی۔

پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین نے تفتیشی افسران کو کرائم سین کی اہمیت،کرائم سین کو کارڈن کرکے معائنہ کرنے،شہادتیں اکٹھی کرنے بارے لیکچردیا۔تفتیشی افسران کو مختلف نوعیت کے واقعات کے بارے میں تھیورییٹکل اور پروجیکٹر سکرین کے ذریعے پریکٹیکل کروایا گیا۔

تربیتی ورکشاپ میں  قتل،طبعی موت،حادثے،زہرخورانی،خودکشی،آگ لگنے سمیت مختلف نوعیت کے واقعات رونما ہونے پر موقع پر جاکر ایس او پیز کے مطابق ضروری اقدامات کرنے کے بارے تفصیلا آگاہی دی گئی۔مختلف نوعیت کے واقعات میں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے،شواہد کے نمونے بنانے کا طریقہ،نمونے بناکر فرانزک لیبارٹری تک پہنچانے کے طریقہ کار بارے آگاہی دی گئی۔