وزیر اعظم کے مشیر  برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے جی بی کونسل ممبران کی ملاقات،علاقے میں ترقی و عوامی مسائل بارے تبادلہ خیال کیا

13

اسلام آباد،9جون  (اے پی پی): وزیر اعظم کے مشیر برائے  امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے گلگت بلتستان کونسل ممبران نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔

ملاقات میں جی بی کونسل کی ذمہ داریوں،گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل اور عوام کے مسائل سے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کونسل ممبران سے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ممبران کونسل نے کہا کہ گلگت بلتستان کونسل کے غیر فعال ہونے سے عوام کی توقعات پر پورا اترنے سے قاصر ہیں،عبوری صوبے کا قیام گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے،صوبے کے قیام کے فیصلے تک جی بی  کونسل کے اختیارات کو واضح کیا جائے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کونسل کی بے یقینی کی کیفیت کو ختم کرنے کیلئے جلد لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا،صوبائی حکومت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے حکمت عملی ترتیب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2009 میں بھی گلگت بلتستان کے عوام کو اختیارات ہماری حکومت نے دیے تھے، آئندہ بھی یہاں کے عوام کو اختیارات دینے کیلئے ہر قسم کی معاونت کریں گے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنایا جائے گا،تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان  علاقے کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں جاری ہائیڈل منصوبوں اور سکردو ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔