نئے مالی سال2022-23 کامتوازن بجٹ صنعتی و کاروباری ترقی کا ضامن ثابت ہوگا؛میاں کاشف ضیاء

7

فیصل آباد،  10  جون  (اے پی پی):پاکستان ہوزری مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ریجنل چیئرمین میاں کاشف ضیاءنے کہا کہ نئے مالی سال2022-23 کامتوازن بجٹ صنعتی و کاروباری ترقی کا ضامن ثابت ہوگاجبکہ اس میں ہمارے گیس اور بجلی کی قیمتیں نہ بڑھانے، ری فنڈزکی ادائیگی اور سیل ٹیکس کے مطالبات مان لئے گئے ہیں۔

بجٹ2022-23  کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے میاں کاشف ضیاءنے نے کہا کہ حکومت نے موجودہ مشکل حالات میں بہت اچھا اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ تھا کہ نئے بجٹ میں گیس اور بجلی کی قیمتیں نہ بڑھائی جائیں اور ری فنڈزکلیمز کی فوری ادائیگی کی جائے جنہیں مان لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اور حکومت مبارک باد کی مستحق ہے کہ ان مشکل حالات میں ہماری توقعات کے برعکس اتنا اچھا بجٹ پیش کیا۔

چیئرمین میاں کاشف ضیاء نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری کیلئے بجلی اور گیس کی قیمتوں کا تعین بہت اہم کردار ادا کرتا ہے لہٰذا ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری انڈسٹری گرو کرے گی اور ہماری ایکسپورٹ پہلے سے بھی زیادہ ہوگی جس کیلئے ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتر معاشی صورتحال میں ملکی معیشت کیلئے بہتر فیصلے کئے۔