حج  2022؛10 ہزار سے زائد عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے ، مسجد نبوی ﷺ میں نوافل اور قرآن مجید کی تلاوت میں مصروف

9

مدینہ  منورہ، 12 جون (اے پی پی ): مقدس فریضۂ حج کی  ادائیگی  کیلئے  اب تک 10 ہزار سے زائد عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جبکہ  آج دو ہزار سے زائد عازمین مدینہ پہنچیں گے۔عازمین حج کی بڑی تعداد نے   آمد کے بعد مسجد نبوی  ﷺ کا دورہ کیا اور نوافل ادا کیے اور قرآن مجید کی تلاوت کی۔انہوں نے نبی پاک حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیین  کو بھی بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔فجر، ظہر، عشاء اور عصر کے اوقات میں لوگوں کی بڑی تعداد حرم میں جمع ہوئی۔

حرم رسول، جسے “ریاض الجنۃ” کے نام سے جانا جاتا ہے صرف ان حجاج کے لیے کھلا ہے جنہیں اس مقدس مقام پر نوافل ادا کرنے کے لیے سعودی ایپ  “Eatmarna” کے ذریعے داخل ہونے کی اجازت ملی ہے۔باب السلام کو عصر، مغرب کے بعد مردوں کے لیے اور عشاء کے بعد خواتین کے لیے کھولا جا رہا ہے۔

وزارت مذہبی امور  پاکستان  نے مکہ مکرمہ، مدینہ شہر اور دونوں شہروں اور جدہ کے ہوائی اڈوں پر عازمین حج کی مدد اور رہنمائی کے لیے بڑی تعداد میں موذنین کو تعینات کر دیا ہے۔پاکستانی  حجاج  کی  آسانی  او ر آرام و سکون کیلئے حرم کے بالکل قریب مرکزیہ میں رہائش کا  انتظام کیا  گیا ہے ۔ عازمین حج کو ان کی متعلقہ رہائش گاہوں پر حفظان صحت کے مطابق کھانا فراہم کرنے کے لیے مدینہ کے کیٹررز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔مدینہ میں 15-20 کی گنجائش والا جدید ترین حج مشن ہسپتال قائم  کیا  گیا ہے ، جو  عازمین حج کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے  اور جہاں   ڈاکٹرز اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔