ملتان؛ آل میڈیکل ،ڈینٹل اینڈ الائیڈ کالجز ٹیلنٹ ہنٹ کمپیٹیشن کا انعقاد

50

ملتان ،13 جون (اے پی پی): نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام “آل میڈیکل ،ڈینٹل اینڈ الائیڈ کالجز ٹیلنٹ ہنٹ کمپیٹیشن”  کا انعقاد کیا گیا ہے۔اس مقابلے میں سات کالجز، نشتر میڈیکل کالج ملتان ،نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹڑی ملتان،ڈی جی خان میڈیکل کالج، ایم ایم ڈی سی ، بختاور امین میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج ڈی ایچ کیو مظفر گڑھ ، میڈی کیئر نرسنگ کالج نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلے طلباء کی ذہنی  نشونما کے لیے بہت ضروری ہیں  اس سے نہ صرف ہمارے معاشرے میں اچھے ڈاکٹر پروان چڑھیں گے بلکہ عمدہ مقرر اور بہترین لیڈر بھی ابھر کے آئیں گے۔

ڈاکٹر محمد عمران سیفی جو اس مقابلے کے فوکل پرسن کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے،انہوں نے اپنی  ٹیم ( عبداللہ شیخ ، احمد انصاری ، مروہ آصف ، شبانہ بشیر اور مقدس طاہر  ) کے ہمراہ اس مقابلے کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ تقریب کا آغاز کلام پاک  اور نعت رسول ؐسے کیا  گیا۔ طلبا نے بہت دلجوئی سے قرأت اور نعتیہ کلام پیش کیئے۔ اردو تقاریر نے اس محفل میں چار چاند لگا دئیے ۔ اسکے بعد انگریزی مقرروں کا انداز تو اس قدر دلچسپ تھا کہ حاضرین عش عش کر اٹھے۔

 مقابلے کو شفاف بنانے کے لیے زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایک جیوری بٹھائی گئی جو کہ 8 ججز پر مشتمل تھی محمد قاری جاوید اور قاری عبدارحمان قرأت کےلئے، جناب محبوب الٰہی اور جناب محمد صابر نعت کےلئے، جناب فیضان زیدی اور محمد فاروق اردو تقاریر کےلئے،جناب محمد صفی اللّٰہ اور محترمہ لابٔہ جاوید انگریزی تقاریر کےلئے بطور جج فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ تمام اصولوں اور قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے  غیر جانبدارانہ نتائج دئیے گیئے،فیصلہ سناتے ہوئے شراکت داروں کو انکی غلطیوں  سے آگاہ کر کے انکی اصلاح بھی کی گئی تاکہ مستقبل  میں وہ ان سے سیکھ سکیں۔

پوزیشن ہولڈرز میں قرأت میں حسین امجد پہلی اور علی رضا دوسری ، نعت میں سیدہ دشا زہرہ اور مقرم شوکت پہلی جبکہ ثناء  غلام شبیر دوسری پوزیشن پر رہے۔ اسکے علاوہ اردو تقاریر میں جویریہ بنت شاکر نے پہلی جبکہ عزیر مخدوم نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ انگریزی تقاریر میں سارہ نے پہلی اور  عائشہ صدیقہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی جناب پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف، پروفیسر ڈاکٹر مسعود ہراج، پروفیسر ڈاکٹر آغا جاوید ، ایسوسیٹ پروفیسر ڈاکٹر حامد حسن، پروفیسر ڈاکٹر سمیع اللہ ، پرنسپل این آئی ڈی ڈاکٹر امجد باری، ڈاکٹر عبدالرؤف ، ڈی ایس اے۔۔ ڈی جی خان ڈاکٹر معظم خان اور میڈی کیئر نرسنگ کالج اور مظفر گڑھ نرسنگ کالج کی پرنسپل صاحبان نے بطور مہمان خصوصی اس تقریب میں شرکت کی۔

مقابلے کے آخر میں وائس چانسلرصاحب نے پوزیشن ہولڈرز میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے اور  تمام مہمانوں، جیوری، طلباء اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔