ملتان؛پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی مشروبات کی بڑی سپلائی ناکام بنادی،3 ہزار 300 لیٹر ملاوٹی مشروبات تلف

21

ملتان، 21 جون (اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی مشروبات کی بڑی سپلائی ناکام بنادی ،ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ محمد سیف کی زیرنگرانی بہاولپور روڈ پر قائم جوس فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا اور

فوڈ سیفٹی ٹیم نے 3 ہزار 300 لیٹر ملاوٹی مشروبات برآمد کرکے تلف کردی اور فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر فوڈ بزنس مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون  نے کہا کہ مینگو جوس کی تیاری میں مصنوعی مٹھاس کی ملاوٹ کی جارہی تھی ، فوڈ لائسنس کے بغیر مشروبات کی غیر قانونی تیاری کی جارہی تھی۔انہوں نے کہا کہ مضرصحت مشروبات ملتان شہر اور مضافاتی علاقوں میں کریانہ سٹورز اور ڈرنک کارنرز پر سپلائی کی جانی تھیں۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ فوڈ لائسنس کے بغیر خوراک کی تیاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام پر بچوں اور بڑوں کی صحت سے کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔