سپورٹس جرنلسٹس کا صوبہ میں کھیلوں کی ترقی و فروغ میں اہم کردار ہے، مشتاق احمد غنی 

26

پشاور، 24 جون(اے پی پی):قائمقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ سپورٹس جرنلسٹس کھیلوں کی ترقی و فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ صوبے کے سپورٹس جرنلسٹس نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی صوبے کا سافٹ امیج سامنے لانے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے ایشیائی سپورٹس جرنلسٹس کی تنظیم اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری جنرل اور عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن امجد عزیز ملک سےگذشتہ روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کی۔

امجد عزیر ملک نے قائمقام گورنر کو صوبہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اسپورٹس جرنلسٹس کے کردار سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار کھیل اور امن کے موضوع پر بین الاقوامی سپورٹس جرنلسٹس کانفرنس اکتوبر کے آخری ہفتہ میں پشاور میں منعقد ہو گی جس میں ملک بھر کے علاوہ دس ممالک کے سپورٹس جرنلسٹس شرکت کریں گے توقع ہے کہ انٹرنیشنل سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن(اے آئی پی ایس) اور ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدور خاص طور پر شرکت کریں گے۔

اس موقع پر قائم مقام گورنر مشتا ق احمد غنی نے عالمی اسپورٹس جرنلسٹس کانفرنس کے انعقاد کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔