وفاقی اور صوبائی حکومتیں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں؛ صوبائی وزیر علی حیدر گیلانی

13

ملتان، 27 جون (اے پی پی ): صوبائی وزیر ہاؤسنگ سید علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ملک میں پھیلی مہنگائی کا سہرا سابقہ حکومت کے سر جاتا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہیں،پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔یوٹیلٹی اسٹور پر اشیاء کی دستیابی، ریٹس اور ان کے معیار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے   رشید آباد یوٹیلٹی سٹور کے دورہ  کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر علی حیدر گیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم  کی ہدایت پر تمام متعلقہ ادارے مہنگائی کنٹرول کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، یوٹیلٹی سٹورز کے دورہ  کا مقصد بھی لوگوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا اور اشیاء کی دستیابی ان کے ریٹس اور معیار کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  تمام اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں بازاروں،مارکیٹوں اور غلہ منڈیوں کی سطح پر بھی اشیاء کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنا رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کسانوں کو کھاد کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے اسی طرح جعلی کھاد کا کاروبار کرنے والوں کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ انہوں   نے   کہا کہ سپر ٹیکس کے اثرات عام شہریوں تک منتقل نہیں ہوں گے اور حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ عوام کو ہر صورت  ریلیف فراہم کیا جائے تاہم اس کے لیے کچھ وقت درکار ہو گا۔انہوں نے  کہا کہ سابقہ حکومت کی نا اہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

 قبل ازیں صوبائی وزیر نے یوٹیلٹی سٹور پر اشیاء کے معیار کا جائزہ لیا اور آٹا چینی، گھی، دالوں سمیت دیگر اشیاء کی دستیابی بھی چیک کی۔انہوں  نے خریداری کے لیے آنے والی خواتین اور شہریوں سے بات چیت بھی کی اور  ان کے مسائل سنے۔

اس موقع پر یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے زونل منیجر (ساؤتھ پنجاب) فیصل سلطان، ریجنل منیجر کاشف نواز، تحسین خان بابر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔