ملتان، 27 جون (اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واساقیصر رضا نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے حوالے سے اربن فلڈنگ کے پیش نظر واسا ہائی الرٹ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، مشینری، ڈی واٹرنگ سیٹ اور جنریٹرز 100 فیصد آپریشنل ہیں اور بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی تمام افسران اور سٹاف فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنا رہے ہیں اور اس کا عملی مظاہرہ رواں مہینے میں مسلسل چار روز موسلادھار بارشوں کے دوران کیا گیا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مون سون بارشوں کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایت پر قائم کی گئی ٹیکنیکل ٹیم کی جانب سے ڈسپوزل اسٹیشنز،جنریٹرز،پموں اور مشینری کی ورکنگ کا معائنہ کیے جانے کے بعد پیش کی جانیوالی رپورٹ کے موقع پر کیا ،ٹیکنیکل ٹیم کے کنویئنر و سپرینٹنڈننگ انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملتان ڈویژن ظہور احمد ڈوگر، چیف انجینئر ایم ڈی اے رانا محمد وسیم، ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر، ڈپٹی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی محمد ندیم،اسٹنٹ ڈائریکٹر ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشن طارق محمود سمیت سیوریج، ڈسپوزل سٹیشنز ڈویژنوں کے افسران بھی ہمراہ تھے۔
ٹیم نے واسا کے فیلڈ دفاتر، خان ویلیج،انر بائی پاس،سورج میانی،سمیجہ آباد، پرانا شجاع آباد روڈ ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کرکے مشینری،پمپ ہاوس، کلکٹنگ ٹینکس، ڈی واٹرنگ سیٹ،جنریٹر رومز کا معائنہ کیا۔اس دوران ٹیکنیکل ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا ملتان نے مون سون سیزن شروع ہونے سے قبل کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پلان تیار کرکے اس پر عملدرآمد شروع کر رکھا ہے سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل بھرپور طریقے سے جاری ہے 6 سو سے زائد ریگولر سیورمینوں کے علاوہ مون سون پلان کے تحت 100 ڈیلی ویجز سیورمینوں کے ذریعے شہر بھر کی سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور کل 2055کلومیٹر نیٹ ورک میں سے 740کلو میٹر نیٹ ورک کی ڈی سلٹنگ کر لی گئی ہے جبکہ مون سون بارشوں کے انتظامات کے حوالے سے واساکے 25 ڈسپوزل اسٹیشنز،لفٹ سٹیشنز،12سکر،12,فلشر گاڑیاں، 32 ڈی واٹرنگ سیٹ اور جنریٹرز سیٹ سو فیصد آپریشنل ہیں۔
اس دوران ٹیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ واسا شہر کی 65 فیصد آبادی کو نکاسی آب جبکہ 55 فیصد آبادی کو فراہمی آب کی بلاتعطل سہولیات فراہم کر رہا ہے اس وقت 297 ملین گیلن روزانہ سیوریج کا پانی حاصل ہو رہا ہے جب کہ مون سون سیزن کے دوران شکایات کے ازالے کے لئے واسا ہیڈ آفس میں قائم کمپلینٹ سیل 24 گھنٹے ورکنگ میں ہے اور شہری کمپلینٹ سیل کے رابطہ نمبر 1334 پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں اور تمام شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔











