رینالہ خورد،28 جون (اےپی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ والدین اور ہر باشعور شہری کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے مشترکہ کاوشیں وقت کا تقاضہ ہیں، بچوں کی صحت سے جڑے معاملات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بیماریوں خصوصاََ پولیو جیسی خطرناک بیماری سے بچا سکیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر جاوید احمد گورایا ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اختر حسین ،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سجاد گیلانی سمیت ایم ایس سمیت صاحبان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اختر حسین ،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر سجاد گیلانی نے ضلع میں انسداد پولیو مہم کے لئے کئے گئے اقدامات ،ماضی قریب میں مکمل کی گئی انسداد پولیو مہموں کی کامیابی ،ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کی اس سلسلہ میں تربیت اور اہداف کے حصول کے لئے کئے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین نے محکمہ ہیلتھ کی کاوشوں اورانسداد پولیو کے لئے اقدامات کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے پر زور دیتے ہوئے محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا ۔











