وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی شاہدرہ کے رہائشی مقتول مجاہد علی کے والد لیاقت علی، والدہ،بہنوں اور بھائیوں سے ملاقات-

7

لاہور ، جون 29(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے شاہدرہ کے رہائشی مقتول مجاہد علی کے  والد لیاقت علی، والدہ،بہنوں اور بھائیوں سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے متاثرہ خاندان سے افسوسناک واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے مقتول مجاہد علی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ آپ کے لخت جگر کو ناحق قتل کیا گیا۔ آپ کا دکھ بانٹنے آیا ہوں۔آپ کا پیارا بیٹا تو واپس نہیں لا سکتا لیکن انصاف ضرور دلاوں گا۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے مقتول لڑکے مجاہد علی کے والد لیاقت علی،والدہ، بہنوں اور بھائیوں کو دلاسہ بھی دیا -انھوں نے کہا کہ ملزمان  قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہوگی اور اس کیس کو مثال بنائیں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ جس ظالم نے یہ ظلم کیا ہے اسے مثالی سزا دلائی جائے گی۔ میں خود اس کیس پر پیشرفت کا  جائزہ لوں گا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ انصاف ضرور ہو گا اور آپ کی دادرسی کریں گے۔ متاثرہ خاندان کی ہرممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں۔ حکومت آپ کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے متاثرہ خاندان کو 30 لاکھ روپے کی مالی معاونت کا چیک بھی دیا۔