اوکاڑہ،30جون (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ ضلع میں انسداد کورونا وائرس کے لئے طے شدہ ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے کے ساتھ ساتھ جن افراد نے انسداد کرونا ویکسئین کی بوسٹر ڈوز نہیں لگوائی ان کو بوسٹر ڈوز لگوانے کے لئے عوامی سطح پر آگاہی مہم چلائی جائے، نمایاں مقامات پر بینرز لگائے جائیں، کرونا کی حالیہ لہر کے بڑھنے سے پہلے ہی ہمیں تمام تر احتیاطی اقدامات کرنا ہیں اور اس سلسلہ میں بوسٹر ڈوز کا لگوانا، ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا سب سے اہم ترین ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسدادکرونا اقدامات کے جائزہ اجلاس اور مویشی منڈیوں میں انسداد کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے سلسلہ میں بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حق نواز نے مویشی منڈیوں میں انسدادکانگووائرس کے لئے سپرے ،جانوروں کے علاج معالجہ کے لئے قائم ویٹر نری کاؤنٹرز اور انسداد کرونا ایس اور پیز پر عمل در آمد کے لئے کئے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ عید الالضحیٰ کی آمد کی وجہ سے ضلع میں لگائی گئی مویشی منڈیوں میں لائے جانے والے جانوروں پر کانگو وائرس سے بچاؤ کے سپرے کے ساتھ ساتھ خریداری کے لئے آنے والے افراد کے ماسک پہننے کو ضروری قرار دیا جائے اور اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک اور دیگر محکمے فوری اقدامات کریں ۔











