مظفرگڑھ، یکم جولائی(اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت کی ہدایت پرمظفرگڑھ پولیس نے اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے،ماہ جون میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زبردست کریک ڈاؤن کیا گیا اور بڑی تعداد میں منشیات فروشوں اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
ترجمان پولیس مظفرگڑھ نے مظفرگڑھ پولیس کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مظفرگڑھ پولیس نے ماہ جون میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 9B کے 119 اور 9cکے 54 مقدمات درج کیے اور مقدمات میں 134 کلوگرام چرس،13 کلوگرام بھنگ،3کلوگرام ہیروئین اور 110 گرام افیون برآمد کی ۔
شراب فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 153 مقدمات درج کیے اور 7063 لٹر دیسی شراب اور شراب کے 80 شاپر برآمد کرکے ملزمان کو حوالات تھانہ بند کر دیا ۔مظفرگڑھ پولیس نےغیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹوٹل 132مقدمات درج کر کے ملزمان سے 92 عدد پسٹل 30بور، 5 عدد رائفل، 4 عدد رپیٹر، 8عدد کاربین 7 عدد کلاشنکوف، 9 عدد ریوالور، 7 عدد بندوق 12بور اور288 کارتوس برآمد کر کے ملزمان کو حوالات تھانہ بند کر دیا ۔
مظفرگڑھ پولیس نے قمار بازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹوٹل 44 مقدمات درج کر کے جوئے پر لگی کل رقم 5 لاکھ 78 ہزار 8 سو 70 روپے برآمد کر کے ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔اسی طرح قحبہ خانوں پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 12 مقدمات درج کر کے 42 ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
مظفرگڑھ پولیس نے مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اے۔ کیٹگری کے 35 اور بی۔کیٹگری کے 376 مجرمان کو حوالات تھانہ بند کیا ۔ مزید عدالتی مفروران کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اے۔کیٹیگری کے 13 اور بی۔کیٹیگری کے 331 ملزمان کو پولیس حراست میں لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس مظفر گڑھ نے مختلف مقدمات میں ملوث 196ملزمان کوگرفتار کرکے ملزمان سے ٹوٹل مال مسروقہ8کروڑ50 لاکھ روپےریکور کر کے اصل مالکان کے حوالے کیے۔
مظفرگڑھ پولیس نے مختلف مقدمات میں 330 عادی مجرمان گرفتار کیے۔ مجرمان اشتہاریوں کو فرار کروانے میں مدد کرنے والوں کے خلاف 297 مقدمات درج کر کے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
اس حوالے سے ڈی پی او مظفرگڑھ کا کہنا تھا کہ مظفرگڑھ پولیس عوام الناس کی حفاظت و خدمت اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہر وقت کوشاں ہے،جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پنجاب پولیس کے ایمرجنسی نمبر 15 پردیں۔











