ملتان، 2جولائی(اے پی پی):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحیٰ پر گرینڈ صفائی کی تیاریاں مکمل کر لیں ، عید قرباں کے تینوں ایام میں شہر سے جانوروں کی16000 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگانےکا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ 2500 سے زائد کمپنی ورکرز عید آپریشن میں حصہ لیں گے۔
اس حوالے سے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ویڈیو لنک پر بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ عید آپریشن کے لئے مجموعی طور پر 722 گاڑیاں رینٹ پر حاصل کی جارہی ہیں، عید کے پہلے دن کے لئے264 گاڑیاں کرائے پر حاصل کی جائیں گی، دوسرے دن کے لئے 264 گاڑیاں جبکہ تیسرے دن کے لئے194 گاڑیاں کرائے پر حاصل کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی ملکیت135 بڑی گاڑیاں اور88 لوڈر رکشے بھی عید آپریشن میں حصہ لیں گے۔
محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ 25 افسران عید آپریشن کی مانیٹرنگ کریں گے اور آلائشیں ٹھکانے لگانے کے بارے میں عوام کی آگاہی کے لئے15 کیمپ لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آلائشیں اکٹھی کرنے کے لئے شہر میں16 عارضی پوائنٹس قائم کئے جائیں گے جبکہ
شہرمیں 16 اجتماعی قربان گاہوں کے لئے بھی صفائی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے پاک اور خوشگوار بنانے کے لئے عرق گلاب، فنائل اور چونا خریداری کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں .انہوں نے کہا کہ عید آپریش روزانہ صبح7بجے سے شام7 بجے تک جاری رہے گا اور کمپنی ورکرز کو فیلڈ میں لنچ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کمپنی کا شکایت مرکز دن کے اوقات میں 12 گھنٹے کھلا رہے گا،ق شہری جانوروں کی آلائشوں بارے ہیلپ لائن1139پر اطلاع دے سکیں گے اور واٹس ایپ نمبر9215555-0305 پر بھی پیغام بھیج سکیں گے۔
کمپنی سیکرٹری محمد کیبر خان اور چیف انٹرل آڈیٹر آصف طاہر سمیت مینجرز عقیل احمد،فہمیم خان لودھی،انوارالحق اور عمران خان بھی بریفنگ میں موجود تھے۔











