احمدپورشرقیہ،05 جولائی (اے پی پی ):کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ عیدالاضحٰی کے موقع پر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کی مربوط حکمت عملی کے تحت صفائی، قربانی کے جانوروں کی آلائش اکٹھا کرنے اور شہر سے باہر تلف کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام شہر کی 34 یونین کونسلوں میں عید کیمپس لگائے جائیں گے اور عیدالاضحٰی سے قبل جانوروں کی آلائشیں اکٹھی کرنے کے لئے گھر گھر جا کر ایک لاکھ سے زائد مفت پلاسٹک بیگز پہنچائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر ایم این اے میاں نجیب اویسی، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، سی ای او بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر موجود تھے۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں لمپی سکن بیماری کے پھیلنے کے خدشات نہیں ہیں کیونکہ ایک لاکھ 60ہزار سے زائد مال مویشی کو لمپی سکن کی حفاظتی ویکسین لگائی جا چکی ہے اور مویشی منڈیوں و سیل پوائنٹس پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ عوام الناس صفائی ستھرائی کی اس مہم میں متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لئے ہر فرد اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نعیم اختر نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے عید سے قبل ایک لاکھ سے زائد پلاسٹک بیگز مفت تقسیم کر دیئے جائیں گے اور عوام الناس میں آگہی کے لئے شہر کے تمام سیل پوائنٹس پر آگہی کیمپ لگا دیئے گئے ہیں جبکہ عوامی سہولت اور شکایت کے بروقت ازالہ کے لئے موبائل ایپ کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح عیدالاضحٰی کے دوران 24 گھنٹے کنٹرول روم بھی فعال رہے گا، ہیلپ لائن نمبر 1139 پر صفائی کے حوالے سے شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے دوران کمپنی کے افسران و سٹاف اور 900 سے زائد سینٹری ورکرز اپنی ڈیوٹی پر پابند ہوں گے اسی طرح 99 سے زائد آپریشنل وہیکلز فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔











