ملتان؛ ضمنی الیکشن بارے انتظامات مکمل، کمشنر  عامر خٹک ، آر پی او راجہ رفعت کا مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ

4

ملتان 16 جولائی (اے پی پی): ڈویژنل و پولیس انتظامیہ کے ضمنی الیکشن بارے انتظامات مکمل، کمشنر انجینئر عامر خٹک ، آر پی او راجہ رفعت نے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کیلئے مکمل معاونت فراہم کررہے ہیں ، الیکشن کمیشن کے  ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے انتظامیہ الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولت  فراہم کرے گی۔

کمشنر نے کہا کہ ووٹرز کو اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لئے پرامن ماحول فراہم کیا جائے گا ، ضلعی انتظامیہ پولنگ اسٹیشنز میں بجلی اور پانی کی فراہمی کے تمام انتظامات کو یقینی بنائے جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر صفائی ستھرائی کے  بھی بھرپور انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز کیلئے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں،سول سوسائٹی پرامن الیکشن کیلئے انتظامیہ سے تعاون کرے۔

 آر پی او راجہ رفعت نے کہا  کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا ، پولنگ کا عمل پر امن انداز میں کروانے کیلئے بہترین حکمت عملی،سخت سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔انہوں  نے کہا کہ ضلع ملتان، لودھراں میں 7000 سے زائد پولیس جوان ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

بعد ازاں کمشنر عامر خٹک، آر پی او راجہ رفعت نے آر او سے بھی ملاقات کی اور انتظامات بارے بات چیت کی۔