اسلام آباد،16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں اداروں کو مفلوج، سربراہان کو بلیک میل کرکے اپنی مکروہ سیاست کیلئے استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں پی ایم ہائوس میں طیبہ گل کو اغواء کر کے رکھا گیا، چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا گیا، اداروں کو کمپرومائز کیا گیا، سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنائے گئے، یہ ایسا جرم ہے جس پر عوام انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقاریر اب عوام پر اثر انداز نہیں ہوں گی، اب وقت گذر چکا ہے، آپ صرف اپنے آپ سے باتیں کرتے ہیں، پاکستان کے عوام ان کی بات نہیں سنتی، عوام نے عمران خان کے چار سالوں میں بھوک، افلاس اور بے روزگاری دیکھی ہے۔











