جس کی پوری سیاست فیک نیوز پر ہو وہ کہتا ہے کہ مجھے فیک نیوز کا مسئلہ تھا؛ مریم اورنگزیب

11

اسلام آباد،16جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو فیک نیوز سے ڈر تھا لیکن ان کی اپنی پوری سیاست فیک تھی، فیک نیوز کی بات ہوتی تو وہ فیک نیوز پر قانون لاتے لیکن انہوں نے میڈیا کی آزادی دبانے کے لئے قانون لانے کی کوشش کی جسے ہم نے ریورس کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چار سال تک حکومت میں رہے، انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کو ٹی وی سکرین سے آف ایئر کیا، عمران خان نے تمام ریاستی اداروں کو مفلوج کیا، وزیراعظم ہائوس کو اغواء کاروں کا اڈہ بنایا اور اپنے سیاسی عزائم پورے کئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالوں میں صرف الزامات عائد کئے لیکن ایک الزام وہ ثابت نہیں کر سکے۔