رحیم یار خان،18 جولائی (اے پی پی ): تحصیل صادق آباد کی یونین کونسل ماچھکہ کے مقام پر دریائے سندھ میں کشتی الٹنے کا افسوسناک حادثہ پیش آیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ کی شکار کشتی میں 100سے زائد افراد سوار تھے، حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی سے 90 سے زائدافراد کو زندہ نکال لیا گیاہے جبکہ 19 نعشیں بھی نکال لی گئی ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر حادثہ کی اطلاع ملتے ہیں ضلعی انتظامیہ کی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں جبکہ ضلع بھر کے غوطہ خور جائے حادثہ پر پہنچا دیئے گئے ہیں ، 30تا35ریسکیو1122کے غوطہ خور دریائے سندھ میں حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی کے سوار وں کو تلاش کر رہے ہیں جبکہ مقامی غوطہ خور بھی ریسکیو سرگرمیوں میں امدادی ٹیموں کے ساتھ موجود ہیں۔
حادثہ کا شکار ہونے والی کشتی روجھان کی دریائی یونین کونسل کھروڑسے تحصیل صادق آبادکی دریائی یونین کونسل ماچھکہ آ رہی تھی۔











