اسلام آباد،29جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کی زیر صدارت ہفتہ وار ڈینگی رابطہ اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا، متعلقہ اداروں نے ڈپٹی کمشنر کو تازہ ترین صورتحال اور سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی موجودگی کی اطلاع ہوتے ہی اسے فوری تلف کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ڈینگی کی روک تھام ممکن ہو سکے ، ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کو ہائی الرٹ کیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا پر قابو پانے کے حوالے سے نمایاں انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہریوں سے التماس ہے کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس سلسلے میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایمر جنسی ریسپانس کمیٹیاں بھی بنائی گئی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس ان کمیٹیوں اور ڈینگی تدارک کی ٹیموں کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں یونین کونسل کی سطح پر سیکریٹریز کی بھی ٹریننگ کا جا چکی ہے اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو مشتبہ ڈینگی مریضوں کا باقاعدگی سے معائنہ کر نے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔











