پشین، 31 جولائی (اے پی پی ):یونین کونسل اجرم کٹہ باغ میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگئے ہیں جس سے درجنوں مکانات منہدم اور تیار فصلات تباہ ہوگئے ہیں ۔ علاقے کے زمینداروں کو کروڑوں روپے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
یونین کونسل اجرم کے سابق ناظم علی خان کاکڑ نے صحافیوں کو بتایا کہ پشین کے یونین کونسل اجرم کٹہ باغ کلی سام خیل کلی داویان کلی کتوزئی کلی شنکلزئی کلی مرجامزئی کلی سرہ کلی درے خان کلی ملک مسافر کلی مرانی کلی سلطان کلی خیر آباد میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے ، بارشوں اور سیلابی ریلوں سے سینکڑوں ایکڑ اراضی پر قائم فصلات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور علاقے کے زمینداروں کے کروڑوں روپے کی تیار فصلیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئی ہیں ، یونین کونسل اجرم کے تمام علاقوں سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔
سابق ناظم علی خان کاکڑ ایڈووکیٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے علاقے کے عوام کا ناقابل تلافی نقصانات ہوئے ہیں، خربوز اور تربوز کے تیار فصلات تباہ ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم کے حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔











