ریڈ زون میں کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں خلاف ورزی کی صورت میں سختی سے نمٹا جائے گا؛ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ

45

اسلام آباد،3اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے  کہا ہے کہ ریڈ زون میں کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں خلاف ورزی کی صورت میں سختی سے نمٹا جائے گا۔

بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک انصاف عدلیہ کی جانب سے مختص مقامات پر احتجاج کر سکتی ہے، ان مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی، اگر انہوں نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

 وزیر داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان نے اپنے بیان اور فواد چوہدری نے میڈیا ٹاک کے دوران کہا ہے کہ کل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سامنے احتجاج کیا جائے گا، رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف احتجاج کی آڑ میں گڑ بڑ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اگر ان کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کی اجازت دی گئی تو یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ اپنے فیصلوں میں قرار دے چکے ہیں کہ ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہے اور ای سی پی ریڈ زون میں واقع ہے۔

 وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کی قیادت اور ورکرز کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ کل ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش نہ کریں بلکہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے ایچ نائن اور ایف نائن میں احتجاج کے حوالہ سے جو علاقے مختص کئے ہیں اور جہاں پر پہلے بھی احتجاج ہوتے رہے ہیں وہاں پر احتجاج کریں، ان مقامات پر پرامن احتجاج کی صورت میں سکیورٹی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی احتجاج کیلئے ریڈ زون میں داخلہ کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر کسی نے طاقت کے زور پر ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اس کو روکا جائے گا۔