کراچی۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب وفاقی حکومت صوبوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے آن گرائونڈ کام کر رہی ہے۔کمشنر کراچی کے دفتر میں سندھ کے سیلاب سے متاثرہ افراد میں بدھ کو چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے فلڈ ریلیف کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی چند متاثرہ افراد میں 10,10 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں جبکہ سندھ کے بقیہ اور بلوچستان کے متاثرین کو بھی جلد معاوضہ دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں۔











