کشمیر پریمئیر لیگ کی دفاعی چیمین راولا کوٹ ہاکس نے احمد شہزاد کو سیزن ٹو کے لیے کپتان مقرر کردیا

15

راولا کوٹ،04 اگست (اے پی پی ): کشمیر پریمئیر لیگ کی دفاعی چیمین راولا کوٹ ہاکس نے احمد شہزاد کو سیزن ٹو کے لیے کپتان مقرر کردیا ہے ۔ روالاکوٹ ہاکس کے چیرمین جان ولی شاہین نے راولا کوٹ میں ہی ہاکس کے فینز کے سامنے کپتان کا اعلان کیا۔ دفاعی چیمپین راولا کوٹ ہاکس   نے  اپنی ہوم سٹی راولا کوٹ میں یادگار ٹرافی ٹور ، ٹرافی بنجوسہ جھیل ، شہر کے مختلف مقامات اور پریس کلب کا دورہ کیا ۔

اس حوالے  سے  ہیڈکوچ راولا کوٹ ہاکس ارشد خان  نے کہا کہ احمد شہزاد کو کمشیر پریمئیر لیگ سیزن ٹو کے لیے نیک خواہشات اور امید ہے ٹیم کی قیادت میں بہترین کارکردگی دکھائے گی ،

جان ولی شاہین نے کہا کہ احمد شہزاد نے گزشتہ سیزن میں نہ صرف ہماری کامیابی میں اہم کردار کیا بلکہ ساتھ ہی ہمارے نوجوان کرکٹرز کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔

 اس موقع پر احمد شہزاد نے کہا کہ راولا کوٹ ہاکس کی ٹیم ان کے دل کے بہت قریب ہے ،گزشتہ سیزن میں ٹائٹل کی کامیابی ان کے کرئیر کے یادگار لمحات میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ  انشاللہ سیزن ٹو میں اپنی قیادت میں ٹائٹل کے دفاع کی پوری کوشش کریں گے اور ساتھ مقصد یہ ہے یہ ٹیم کے نوجوان اور خصوصاکشمیری کرکٹرز کے ساتھ اپنے تجربے کو شئیر کرسکوں اور ان کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔