محرم الحرام ہمیں اپنے اصولوں پر قربان ہونے اور دین اسلام کی سر بلندی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا درس دیتا ہے، پیر سید عباس علی شاہ

25

پاکپتن، 08 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر جنگلات،وائلڈ لائف اینڈ فشریز پیر سید عباس علی شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں اپنے اصولوں پر قربان ہونے اور دین اسلام کی سر بلندی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا درس دیتا ہے ،اس مقدس مہینے کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور دنیا کو دکھادیں کہ مسلمان کسی تفرقہ بندی کا شکار ہونے کی بجائے اپنے دین کےتحفظ کے لئے متحد ہیں-

انہو ں نے یہ بات منٹگھمری ہال میں محرم الحرام کے دوران کئے گئے انتظامات کے جائزہ اجلاس میں کہی جس میں ممبر صوبائی اسمبلی میجر (ر)غلام سرور ، سابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکور خاں ،وحید اصغر ڈوگر ،شیخ محمد چوہان اور ارشاد احمد کاٹھیا، کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید ،آر پی او طیب حفیظ چیمہ،ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری ،ڈی پی او صادق بلوچ ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور امن کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی –

انہوں نے کہا کہ امن کے قیام میں علما ءکا بنیادی کردار ہے اور ان کے قول و فعل سے ہمیشہ اتحاد اور بھائی چارے کا درس ملنا چاہیے اور  کہا کہ ملک اور قوم کی حفاظت اور انہیں فرقہ واریت سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے ،کمشنر سلوت سعید نے ساہیوال ڈویژن میں امن و امان کی مثالی فضا کو مختلف مکاتب فکر کے علماءکی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ اس پرامن فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا –

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں محرم الحرام کے دوران 211جلوس اور 807مجالس منعقد ہوتی ہیں جن میں سے 31جلوس اور 128مجالس اے کیٹگری کی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 9اور10محرم کو ذوالجناح کے 84جلوس نکلیں گے اور 103مجالس منعقد ہونگی جن کے لئے انتظامات مکمل ہیں –

ڈی پی او صادق بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور خلاف ورزیوں پر اب تک 13مقدمات درج کئے جا چکے ہیں –

صوبائی وزیر پیر سید عباس علی شاہ نے ضلعی کنٹرول روم کابھی دورہ کیا اور ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کا نظام چیک کیا -بعد ازاں صوبائی وزیر جنگلات قصر بتول گئے اور ذوالجناح کے روٹ کا بھی دورہ کیا -انہوں نے امام بارگاہ کی انتظامیہ سے انتظامات بارے معلومات حاصل کیں اور جلوس کے حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔