لاہور،08اگست (اے پی پی)؛ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں 23نئے اور بڑے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں، تمام نئے سرکاری ہسپتالوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔پنجاب میں مدراینڈچائلڈ بلاکس پرجاری پیش رفت کومسلسل مانیٹرکررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں سٹیرنگ کمیٹی برائے مدراینڈچائلڈ بلاک کے اہم اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت علی جان خان،سپیشل سیکرٹری محمد عثمان،وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل، چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی،ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراطہر، ڈاکٹرسلمی، ڈاکٹرصوفیہ، ڈاکٹرشمسہ، ڈاکٹرعمران وحید، ڈاکٹرطیبہ،ڈاکٹرعرفان،ایم ڈی چلڈرن ہسپتال ڈاکٹرمحمد سلیم،اعجاز شیخ اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیر مدراینڈچائلڈبلاک پرجاری پیشرفت کاجائزہ لیا۔ سی اینڈ ڈبلیواورشیخ اعجازنے اجلاس کے دوران وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کو بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کیلئے گنگارا م ہسپتال میں زیرتعمیر مدراینڈچائلڈ بلاک جلداز جلدفعال کرنے کی کوشش کررہے ہیں متعلقہ افسران کو تاخیرکئے بغیر مدراینڈچائلڈ بلاک کو فعال بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہی نے گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈ بلاک کو جلدمکمل کرنے کی ہدایت کی ہے،مدراینڈچائلڈبلاک باقی تمام ہسپتالوں کیلئے ماڈل ہسپتال ہوگا۔ گنگارام ہسپتال کے مدراینڈچائلڈبلاک میں ماں اور بچے کا بین الاقوامی سطح کا علاج ممکن ہوپائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سٹیرنگ کمیٹی میں شامل ماہر ممبران کی سفارشات اور تجاویزکے مطابق مدراینڈ چائلڈ بلاک میں شعبہ جات قائم کئے جارہے ہیں
مدراینڈچائلڈ بلاک میں مریضوں کے علاج کیلئے جدیدمشینری خریدی جارہی ہے۔











