پاکپتن،08 اگست ( اے پی پی): کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں ظالم کے سامنے مضبوطی سے ڈٹ جانے کا سبق دیتا ہے، حضرت امام حسین ؓ کی عظیم قربانی ہمیں اس عزم کا درس دیتی ہے کہ باطل کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو حق کوکبھی شکست نہیں دے سکتا،حضرت امام حسین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی آخرت سنوار سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر ساہیوال سلوت سعید نے آر پی او طیب حفیظ چیمہ کے ہمراہ یوم عاشور کے موقع پر ماتمی جلوسوں میں انتظامات و سیکورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی،ڈی پی او نصیب اللہ خاں اے سی عارفوالہ اظہر طارق وٹو سمیت متعلقہ اداروں کے ارکان بھی موجود تھے۔
کمشنر ساہیوال سلوت سعیدنے کہا کہ یوم عاشور پر امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ امن کمیٹی کے ممبران مکمل ہم آہنگی کے ذریعے یوم عاشور کے موقع پر مثالی بھائی چارے کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹس پر عزاداروں کے لیے میڈیکل کیمپس اور ایمبولینسز میں تمام ضروری ادویات اور طبی امداد کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ عزاداروں کو تمام ممکنہ طبی سہولیات بہم پہنچائی جائیں، ریسکیو 1122کی ٹیمیں ابتدائی طبی امداد کے ساتھ زخمی ہونیوالے افراد کو فوری ہسپتال منتقل کریں۔
کمشنر ساہیوال سلوت سعیدنے کہا کہ ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈاکٹر و پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت دیگر عملہ میڈیکل سروسز فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کا عملہ پوری طرح چوکس رہے۔ جلوسوں کے راستوں سے منسلک گھروں کی چھتوں سے جلوس دیکھنے اور لنگر پھینکنے کی ہرگز اجازت نہیں۔ اس طرح بدامنی اور لنگر کی بے حرمتی سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے جلوسوں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔
آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے جلوسوں میں تعنیات پولیس اہلکاروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بہترین انداز سے فرائض سرانجام دیں، جلوسوں کے داخلی راستوں پر پر آنے والوں کو جامع تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے، کنٹرول رومز میں موجود عملہ موثر انداز سے جلوسوں اور روٹس کی کٹری نگرانی کو یقینی بنائے،محکمہ پولیس کے جوان دیگر محکموں کے ساتھ بہترین کورآرڈینشن کو فروغ دیں۔
کمشنر ساہیوال سلوت سعید اور آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے یوم عاشور کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی و ڈی پی او نصیب اللہ خاں پاکپتن نے مرکزی جلوس کر روٹ کا بھی دورہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاران کو عزاداروں کو تمام سہولیات بہم پہنچانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔











