اوکاڑہ؛ ضلع بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا، مرکزی جلوس امام بارگاہ ایوان حسین سے برآمد ہوا

1

اوکاڑہ،09اگست(اے پی پی ): ملک بھر کی طرح اوکاڑہ میں بھی یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔یوم عاشور کے موقع پر سب سے بڑا جلوس مرکزی امام بارگاہ ایوان حسین سے برآمد ہوا۔ عزاداروں نے علم تعزیہ اور ذوالجناح کے جلوس میں زنجیر زنی اور سینہ کوبی کرتے ہوئے اپنے روائتی راستوں سے گزرتے ہوئےنواسہ رسول ﷺکو ہدیہ عقیدت و سلام پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

غوثیہ چوک میں شہر کے مختلف جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے۔ ماتمی جلوس کچہری بازار سے  گول چوک پہنچا  جہاں شعیہ علماء نے شہادت حسین کا فلسفہ بیان کیا جس کے بعد عزداروں نے حسب روایت زبردست زنجیر زنی کی اور جلوس صدر بازار، ایم سی بی چوک، جامعہ محمدیہ چوک، ریل بازار سے واپس امام بارگاہ ایوان حسین پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔

بعد ازاں مجلس شام غریباں بپا ہوئی۔عاشورہ محرم کے موقع پر پولیس کی طرف سے سیکورٹی ریسکو 1122،واپڈا، پی ٹی سی ایل،محکمہ صحت،میونسپل ےکارپوریشن،اور ضلعی انتظامیہ نے بہترین انتظامات کئے جبکہ سنٹرل کنٹرول روم میں بھی متعلقہ محکموں کے افسران مامور تھے ۔

ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرحسن اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو حسنین خالد سنپال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین،اسسٹنٹ کمشنر ملک راشد نعمت کھوکھر بھی طے شدہ ایس او پیز کے مطابق جلوسوں کی نگرانی کر رہے تھے۔