محرم الحرام میں سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش رہے، سکیورٹی اداروں نے امن و امان یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ؛رانا ثناء اللہ

42

اسلام آباد،9اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش رہے، سکیورٹی اداروں نے امن و امان یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے  ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حضرت امام حسین  کی شہادت کے سلسلہ میں ملک بھر میں جلوس اور مجالس کی سیکورٹی کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر تمام صوبوں کے ساتھ مل بیٹھ کر سیکورٹی پلان تشکیل دیئے گئے جس میں وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی شامل کیا گیا تاکہ ملک بھر میں تمام عاشورہ کے جلوس اور مجالس پرامن طریقے سے منعقد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یکم سے نویں محرم تک 6 ہزار 238 جلوس اور 53 ہزار سے زائد مجالس کا انعقاد ہوا۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام شہروں میں جلوس اور مجالس کا سلسلہ پرامن طریقے سے جاری ہے اور 10 ویں محرم کے 80 فیصد جلوس اس وقت تک پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو چکے ہیں، ملک بھر میں جلوس اور مجالس کی سیکورٹی کیلئے طے شدہ سیکورٹی پلان کے مطابق وفاق نے صوبوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  10 ویں محرم کے ایک ہزار 431 جلوس برآمد ہوئے ہیں اور 80 فیصد  اپنے اختتام کو پہنچ چکے ہیں اور باقی ماندہ بھی نواسہ رسول ﷺ کے صدقے پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو جائیں گے۔ 1335 مجالس اور شام غریباں کی مجالس بھی پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ  گلگت بلتستان میں محرم سے پہلے ایک واقعہ رونما ہوا تھا جس کی وجہ سے وہاں خصوصی انتظامات کئے گئے، ایف سی اور رینجرز کی سیکورٹی بھی وفاق کی طرف سے فراہم کی گئی۔