پاکستان ، پوری قوم امت مسلمہ کا مرکز یقین ہے ہم اس کی خوشحالی اور ترقی کے لئے جدو جہد کریں گے ؛ سیکرٹری وومن کاکس شاہدہ رحمانی

5

اسلام آباد، 12 اگست  (اے پی پی ): ممبر قومی اسمبلی اور  وومن کاکس کی سیکرٹری شاہدہ رحمانی  نے   جمعہ  کو یہاں   ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے موقع پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ  ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر اس کنونشن کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے جس کے لئے ہم سپیکر کے شکر گزار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  75 سال بعد قومی اسمبلی  کے   ہال کے اندر جو عزت اور تکریم دی گئی ہے اس سے ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے ۔

  شاہدہ رحمانی نے کہا کہ خواتین،  ماں بہن اور بیٹیاں ہیں اس لئے عورتوں کے ساتھ امتیازی برتاؤ نہیں ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ  قومی ترانہ ہماری امنگوں کا ترجمان ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ، پوری قوم امت مسلمہ کا مرکز یقین ہے ہم اس کی خوشحالی اور ترقی کے لئے   جدو جہد کا یقین دلاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ملک کا دفاع کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ مل کر ان کے شانہ بشانہ دفاع کریں گے بلکہ ملک کو مسائل سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔