شکرگڑھ،13اگست (اے پی پی ): وطن عزیز کا 75 واں یوم آزادی منانے کے لئے شکرگڑھ کرتارپور اور گردونواح میں بھی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلہ میں شہر کے تمام بازاروں،مارکیٹوں اور شاہراہوں پر اسٹالز سجائے گئے ہیں، عارضی سٹالوں پر سبز ہلالی پرچموں،جھنڈیوں مختلف اقسام کے بیجز کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، چھوٹے بڑے شہری سب ہی اپنے پسند کے پرچم اور بیجز کی خریداری میں مصروف ہیں، بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کے لئے اسٹالز پر خصوصی اشیاء لگائی گئی ہیں جن میں چوڑیاں، سبز ہلالی رنگ کے ملبوساٹ ،ٹوپیاں شامل ہیں۔
جشن آزادی کے موقع پر ملک کا ہر شہری اپنے اپنے انداز میں وطن سے محبت کا اظہار کررہا ہے، کوئی گھروں کو برقی قمقموں سے سجا رہا ہے، تو کوئی پاکستانی پرچم کے رنگ کے ملبوسات پہن کر وطن سے محبت کا اظہار کرتا نظر آ رہا ہے ۔











