بیلجیئم ،لگسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستانی  سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کی  تمام پاکستانیوں کو  یوم آزادی  کی  مبارکباد

5

اسلام آباد،13اگست  (اے پی پی):بیلجیئم ،لگسمبرگ اور یورپی یونین کے لیے پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ  پاکستان کے75 ویں  یوم آزادی کے موقع پر  بیلجیم اور لکسمبرگ میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آج کا دن ہمیں ایک آزاد  اور  خود مختار مملکت کے قیام کے لیے اپنے آبا و اجداد کی تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے ، جہاں ہم اپنی زندگی مکمل مذہبی ، ثقافتی اور سماجی آزادیوں کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ان مقاصد کے حصول کے لئے اپنی  جہد و جہد جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کا بھی دن ہے،  جسکے لئے بانیانِ پاکستان نے بے لوث اور بے مثال جدوجہد کی اور ہمارے آباؤاجداد نے ان گنت قربانیاں دیں، آئیے آج  ایک بار پھر ہم پاکستان کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق   ایک جدید ،  جمہوری اور  ترقی یافتہ  ملک  بنانے کے لئے اپنی بھرپور کوششوں کو جاری رکھنے کا عہد کریں۔

 سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان  ن ے کہا کہ بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن اپنے ملک کے ساتھ وابستگی اور حب الوطنی کے  جذبے سے سرشار ہیں۔ میں پر امید ہوں کہ آپ  پاکستان کی ترقی  اور بیلجیم ، لکسمبرگ اور پاکستان  کے مابین مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ  اللہ تعالی نے پاکستان کو بہت سے  قدرتی اور انسانی وسائل سے نوازا ہے۔ آئیے آج  ہم وطن عزیز کا 75واں  یوم آزادی مناتے ہوئے ، قوم کو  درپیش سماجی   اور معاشی چیلنجوں سے نمٹنے  اور اپنے پیارے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کا  عہد کریں۔