تحریک پاکستان میں سب سے بڑا حصہ نوجوانوں کا تھا جنہوں نے ہراول دستے کا فریضہ سر انجام دیا؛ چوہدری محمد رفیق کمبوہ

10

لاہور،13 اگست ( اے پی پی ): تحریک آزادی پاکستان کے کارکن چوہدری محمد رفیق کمبوہ نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان میں سب سے بڑا حصہ نوجوانوں کا تھا جنہوں نے ہراول دستے کا فریضہ سر انجام دیا، انیس سو اٹتالیس میں پنجاب یونیورسٹی لاہور میں قائد اعظم کے جلسے میں عوام کا سمندر آمڈ آیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے جشن آزادی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں سب سے بڑا حصہ سکول کالج اور یونیورسٹیوں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کا تھا  جنہوں نے قائد اعظم کے ہر اول دستے کا فریضہ سر انجام دیا اور ہر جگہ ان کا نعرا گونجتا سنائی دیتا تھا کہ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ اور لے کر رہیں گے پاکستان بن کر رہے گا پاکستان ۔

چوہدری محمد رفیق کمبوہ نے کہا کہ قائد اعظم متاثر کن شخصیت تھے عوام ان کو دل جان سے چاہتی تھی جب قائد اعظم نے 1948 میں پنجاب یونیورسٹی لاہور میں جلسہ کیا تو عوام کا سمندر آمڈ آیا تھا، ہائیکورٹ تک عوام کے سر ہی سر نظر آتے تھے، سب پتھر کی طرح کئی گھنٹے کھڑے رہے اور قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے بےتاب نظر آتے تھے۔