قیام پاکستان مسلمانوں کی اجتماعی امنگوں اور خواہشات کی تکمیل ہے؛ ڈاکٹر امجد طفیل

22

لاہور، 13 اگست (اے پی پی): افسانہ نگار، ماہر نفسیات ڈاکٹر امجد طفیل نے کہا ہے کہ چودہ  اگست 1947 کو پاکستان کا قیام برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی اجتماعی امنگوں اور خواہشات کی تکمیل تھی۔ یہ اس بات کی نشاندہی کرتا تھا کہ برصغیر کے مسلمان اپنے آپ کو ایک جداگانہ قوم کے طور پر دیکھتے ہیں اور وہ اپنا تشخص کسی اور بات پر قربان کرنے کو تیار نہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی  کے حوالے  سے  اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر امجد طفیل نے کہا کہ آج ہم آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر خوشی منا رہے ہیں یہ اس بات کی یادہانی کرواتا ہے کہ ہم نے اپنے معاشرے کو ایک بہتر اور روادار بنانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے عزم اور اپنے حوصلے سے ہم ایک آزاد ملک بنانے میں کامیاب ہوئے تھے اور مجھے پوری امید ہے کہ آج جن مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں اگر ہم اسی جذبے اسی عزم کو دوبارہ اپنے اندر پیدا کریں تو آنے والے پانچ سالوں میں ہم اپنی معاشی مشکلات پر قابو پاکر سماجی اور سیاسی معاملات کو بہتر سمت میں لاکر دنیا کی  بڑی اقوام کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں اور انشاءاللہ مجھے امید ہے کہ ایسا ہو کر رہے گا۔