تھر پارکر، 14 اگست (اے پی پی ): پورے ملک کی طرح تھرپارکر میں بھی پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئیں جس میں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحفیظ سیال، ایس ایس پی تھرپارکر سردار حسن نیازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سلمون ، پی پی رہنما سشیل ملانی، ماما ماتو رام، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گریش اور دیگر افسران نے قومی پرچم لہرایا جبکہ قومی ترانے کے بعد پولیس کے چاک چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی اور اسکاؤٹس نے پریڈ پیش کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحفیظ سیال نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی عظیم نعمت ہے جس کی قدر ہر محب وطن کو کرنی چاہیے کیونکہ ہمارے بزرگوں نے آزادی کی خاطر جدوجہد کی اور قربانیاں دیں اور آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی اور حفاظت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تھر اب تبدیل ہو رہا ہے اور تھر پاکستان کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر تعلیمی میدان میں بہتر ہے اور تھر اپنی روایات، رسومات اور روایات امن و امان کے لحاظ سے دوسرے اضلاع سے اپنی مثال آپ ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی تھرپارکر سردار حسن نیازی نے کہا کہ آج ہم ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، یہ سب ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے اور اب ہمیں اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے سوچنا ہوگا۔
تقریب میں مختلف شعبہ جات کے افسران، ایم ایس سول ہسپتال مٹھی ڈاکٹر زاہد آرائیں، گورنمنٹ ہائی اسکول مٹھی کے ہیڈ ماسٹر محمد انور ساهڑ ، تاجر برادری کے عہدیداران اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بعد ازاں 14 اگست کے موقع پر گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مٹھی، ڈیپلو، چھاچھر ، اسلام کوٹ سمیت دیگر شہروں میں تقریبات بھی منعقد ہوئی جس میں مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات نے تقاریر، قومی ترانے اور ٹیبلوز پیش کئے۔











