فیصل آباد؛ یوم آزادی کے موقع پر پروقارتقریب ، کمشنر زاہد حسین نے پرچم لہرایا

12

فیصل آباد، 14 اگست  (اے پی پی): ڈائمنڈ جوبلی یوم آزادی پاکستان کے موقع پراتوار کی صبح کمشنرز کمپلیکس کے لان میں شاندار و پروقارمرکزی تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں صبح 8 بجکر 58 منٹ پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

 بعد ازاں ڈویژنل کمشنر زاہد حسین نے صبح 9 بجے پرچم کشائی کی اور آر پی او معین مسعود،ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ،سی پی اوعمر سعید ملک کے ہمراہ مل کر قومی پرچم لہرایا اور فضا میں کبوترو غبارے چھوڑے ۔ شرکاءنے یک زبان ہوکر قومی ترانہ پڑھااورجشن آزادی کا کیک بھی کاٹا نیزمختلف سکولوں کے بچوں نے”ہمارا پرچم یہ پیاراپرچم، اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں ہم ایک ہیں”و دیگر ملی نغمے پیش کئے۔پنجاب پولیس،شہری دفاع،ریسکیو 1122،سول ڈیفنس،موٹر بائیکس ریسکیو سروس نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔

یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنرزاہد حسین نے اہلیان وطن کو یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کی مبارکباد دی اور کہا کہ آزادی کا دن منانے کا مقصد قومی یکجہتی کو فروغ اور وطن کی بے لوث خدمت کے عزم کو مزید پختہ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں یوم آزادی پاکستان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھرپور ملی جوش وجذبے اور اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ پاکستان کو خوشحال و مستحکم بنانے کیلئے کوششوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

ڈویژنل کمشنرزاہد حسین نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا لہٰذا ہمیں اس کی قدر کرنی ہوگی اور کہا کہ ہم رہیں یا نہ رہیں لیکن یہ سدا آباد و شاد رہے گا جبکہ ہماری موجودہ اور آنیوالی نسلوں کو دل و جان سے اس کی حفاظت کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی پاکستان کی 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پوری قوم کو تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب مل کر وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے کام اور اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔

ممبران صوبائی اسمبلی شکیل شاہد اور فردوس رائے نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر لوگوں کا جذبہ دیدنی ہے اور پاکستان سمیت فیصل آباد میں بھی یوم آزادی ملی جذبے سے منایا جارہا ہے۔

تقریب کے آخر میں   ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور کشمیر کی آزادی کی دعا اور ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے تقریب کے شرکا میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔بعدازاں کمشنر کمپلیکس کے لان میں کمشنر، ارکان اسمبلی اور دیگر افسران نے پودے لگائے اور کمشنر کمیٹی روم میں یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کا ٹا۔

قبل ازیں یوم ۱ٓزادی پاکستان کی مقدس صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی بقا اور ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی دعاؤں سے ہوا۔

اس موقع پر  ڈائریکٹر آرٹس کونسل زاہد اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر احمد شاہ، تحریک پاکستان کے کارکنان،ڈویڑنل و ضلعی انتظامیہ، پولیس کے دیگر افسران، صنعتی، تجارتی و کاروباری  علما، دانشوروں اورسول سوسائٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری،طالب علم،ننھے منے بچے بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

اے پی پی /وسیم/نورین