اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):نیشنل سکلز یونیورسٹی(این ایس یو) میں 75واں یوم آزادی بھر پور جوش و خروش اور پر وقار انداز میں منایا گیا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرمختار احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پرچم کشائی کی تقریب کے بعد ملک کی مجموعی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کے کردار کی علامت کے طور پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے این ایس یو کے وی سی اور نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے وائس چیئر مین کے ہمراہ پودا بھی لگایا گیا۔
تقریب میں این ایس یو کے ملازمین، ان کے اہل خانہ کے علاوہ بچوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ملی نغموں کے علاوہ پاکستان کی ترقی کے حوالہ سے تقاریر بھی کی گئیں۔ این ایس یو کے وی سی نے ہنر مندی کی تعلیم کی اہمیت کے حوالہ سے قائد اعظم کے خطاب کا حوالہ بھی دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے تقریب کے شرکاء سمیت پوری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اساتذہ اور علماء کا احترام کریں جو نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول کیلئے راغب کرنے میں نمایاں اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہنر مندی کی تربیت کا حصول پاکستان کا مستقبل ہے۔











